اہم مضامین
مؤمنین کی صفات کا تذکرہ
مؤمنین کی صفات کا ذکر کرتے ہوئے ارشاد فرمایا گیا ہے کہ ایسے مومن کامیاب ہوں گے جو: اپنی نمازوں میں عاجزی اختیار کرتے ہیں، بے مقصد باتوں سے گریز کرتے ہیں، زکوٰۃ ادا کرتے ہیں، اپنی شرمگاہوں کی حفاظت کرتے ہیں، حد سے تجاوز نہیں کرتے، اپنے عہد و پیماں اور نمازوں کی حفاظت کرتے ہیں، یہی لوگ جنت کے وارث ہیں، یہ صفات بیان کر کے اللہ تعالیٰ نے ایسے شخص کو کامیابی کی ضمانت عطا فرمائی جس میں یہ صفات پائی جاتی ہیں۔
انسانی تخلیق کے مراحل
سورۃ المؤمنون میں انسان کی پیدائش اور ماں کے پیٹ میں تخلیق کے مراحل کا ذکر کیا گیا ہے۔ انسان کی تخلیق کے مختلف مراحل کو بطور دلیل بیان کر کے دوبارہ زندگی کا ذکر فرمایا، جسے کافر ناممکن خیال کرتے تھے۔
نعمت الی اللہ کا ذکر
اللہ تعالیٰ نے مختلف نعمتوں آسمان سے پانی کا برسانا، کھجوروں اور انگوروں کے باغات اور دوسرے کئی میوہ جات پیدا کرنے کا ذکر فرمایا۔
جانوروں کا ذکر
اللہ تعالیٰ نے جانوروں و چوپاؤں کی تخلیق کا ذکر کرتے ہوئے ان سے حاصل ہونے والے فوائد کا ذکر فرمایا ہے۔
حضرت نوح علیہ السلام کا تذکرہ
حضرت نوحؑ کی بعثت و دعوت کا ذکر فرمایا ہے کہ جب حضرت نوحؑ نے قوم کو اللہ تعالیٰ کی وحدانیت کی دعوت دی تو انھوں نے اعتراضات شروع کر دیے۔ حضرت نوحؑ کی تبلیغ کے باوجود جب قوم اپنی سرکشی پر ڈٹی رہی تو آپؑ نے اللہ تعالیٰ سے مدد طلب فرمائی، اللہ تعالیٰ نے انھیں کشتی بنانے کا حکم فرمایا، اللہ تعالیٰ کے حکم سے ان کی قوم پر سیلاب کا عذاب آیا۔ حضرت نوحؑ اور ان کے ماننے والوں کو اللہ تعالیٰ نے بچا لیا اور کافروں کو غرق کر کے عبرت کا نشان بنا دیا۔ حضرت نوحؑ کی قوم کے علاوہ باقی چند قوموں کا بھی ذکر آیا ہے۔
حضرت موسیٰؑ اور حضرت ہارونؑ کی بعثت کا تذکرہ
اس سورت میں اللہ تعالیٰ نے حضرت موسیٰؑ اور حضرت ہارونؑ کی بعثت کا ذکر کیا ہے کہ انھیں فرعون اور اس کی قوم کی طرف بھیجا گیا۔ فرعون اور اس کی قوم نے بھی تکبر کا مظاہرہ کرتے ہوئے حضرت موسیٰؑ اور حضرت ہارونؑ کی بات ماننے سے انکار کر دیا، جس کی وجہ سے وہ بھی ہلاک ہو گئے۔
حضرت عیسیٰؑ کا تذکرہ
اس سورت میں حضرت عیسیٰؑ کی معجزانہ ولادت اور پھر حضرت مریمؑ کی پاک دامنی کو ایک نشانی بنایا۔ جو رب کریم کی قدرت کی زبردست دلیل ہے۔
دین اسلام کا ذکر
تمام انبیائے کرامؑ کا ذکر کر کے فرمایا کہ تمام انبیائے کرامؑ کو ایک ہی دین دیا گیا تھا، مگر ان کی امتیں انتشار کا شکار ہو گئیں اور فرقوں میں بٹ گئیں۔
اللہ تعالیٰ کی وحدانیت و قدرت کاملہ
سورۃ المؤمنون میں اللہ کریم کی وحدانیت و قدرت کاملہ کو دلائل سے سمجھایا گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے انسان کو آنکھ، کان اور دل عطا فرما کر تخلیق کیا اور اسی کی طرف لوٹ کر جانا ہے۔ زندگی و موت اور دن اور رات کو وہی بدلتا ہے۔ ہر قسم کی قوت، قدرت اور طاقت اسی کے پاس ہے۔
مشرکین سے سوال
نبی کریم کو مخاطب فرماتے ہوئے فرمایا گیا کہ مشرکین سے پوچھیے زمین اور اس میں جو کچھ بھی ہے وہ کس کا ہے؟ آسمانوں اور عرش عظیم کا مالک کون ہے؟ ہر چیز کی بادشاہی کس کے ہاتھ میں ہے؟ ان تمام سوالوں کے جواب میں اللہ تعالیٰ نے ان منکرین کا جواب بھی نقل فرمایا ہے کہ وہ یہ ضرور کہیں گے کہ ان تمام چیزوں کا مالک اللہ تعالیٰ ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: اس حقیقت کو جاننے کے باوجود یہ کیوں نصیحت حاصل نہیں کرتے!
کفار کا انجام
سورۃ المؤمنون میں مشرکین کی موت اور قیامت کے احوال کا ذکر فرمایا ہے۔ کفار کو ان کے انجام سے ڈرایا گیا ہے کہ قیامت کے دن جس کے برے اعمال کا پلڑا بھاری ہوا وہ ہمیشہ کے لیے جہنم میں جائے گا۔
مقصد تخلیق انسانی
سورۃ المؤمنون میں اللہ تعالیٰ نے اس حقیقت کو بھی بیان کیا ہے کہ اس نے کسی بھی انسان کو بے کار اور بے مقصد پیدا نہیں فرمایا بلکہ سب کو اللہ کریم کی طرف لوٹ کر جانا ہے اور اپنے اعمال کا حساب دینا ہے۔