سورت کا نام: اس سورت کا نام سورۃ الجمعة ہے۔ مقام نزول: سورۃ الجمعة کا مقام نزول مدینہ منورہ ہے۔
آیات بینات کی تعداد: سورۃ الجمعة کی آیات بینات کی تعداد (11) گیارہ ہے۔ رکوعات کی تعداد: سورۃ الجمعة کے رکوعات کی تعداد (02) دو ہے۔
وجہ تسمیہ: اس سورت کا نام اس سورت کی آیت نمبر نو سے ماخوذ ہے اس سورت میں نماز جمعہ کا تذکرہ ہے۔
شان نزول: حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ ہم نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ نماز جمعہ پڑھ رہے تھے اتنے میں غلہ لادے ہوئے ایک تجارتی قافلہ ادھر سے گزرا جب حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم خطبہ ارشاد فرما رہے تھے تو لوگ قافلے کی طرف چل دیے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ کل 12 آدمی تھے اس وقت سورت الجمعہ کی کچھ آیات نازل ہوئیں۔
فضیلت: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم جمعہ کی نماز میں سورۃ جمعہ اور سورۃ منافقون کی تلاوت کرتے تھے۔ سورۃ الجمعہ کا شمار بھی مسبحات میں سے ہوتا ہے جن سورتوں کی ابتدا اللہ تعالیٰ کی تسبیح سے ہوتی ہے ان کو مسبحات کہتے ہیں۔
مرکزی موضوع: سورۃ الجمعہ کا مرکزی موضوع "نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت کے مقاصد کا بیان یہودیوں کے رویے کی مذمت اور امت مسلمہ کے عظیم اجتماع جمعۃ المبارک سے متعلق احکام" ہیں۔
اللہ تعالیٰ کی تسبیح کا تذکرہ: سورۃ الجمعہ کے آغاز میں اللہ تعالیٰ کی تسبیح کا تذکرہ ہے کہ زمین و آسمان کی ہر چیز اللہ تعالیٰ کی تسبیح کرتی ہے۔
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان کا تذکرہ: سورۃ الجمعہ کی دوسری آیت میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی رفعت و عظمت کا تذکرہ ہے۔
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ذمہ داریوں کا تذکرہ: نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تین ذمہ داریاں تلاوت آیات، تزکیہ نفس اور کتاب و حکمت کی تعلیم دینا بیان ہوئی ہیں۔
اہل کتاب کو نصیحت: اہل کتاب کو ایک مثال کے ذریعے نصیحت کی گئی ہے کہ ہجرت مدینہ کے بعد وہ اہل کتاب جو وحی الہی سے آشنا تھے ان کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی دعوت اسلام میں دست و بازو بننا چاہیے تھا لیکن معاون بننے کے بجائے الٹا وہ دشمن بن بیٹھے اور انہوں نے اس سے کوئی فائدہ اور ہدایت حاصل نہ کی ہے۔
یہودیوں کے غلط موقف کی تردید: یہودیوں کے ایک غلط موقف کی تردید کی گئی ہے کہ وہ خود کو اللہ تعالیٰ کا محبوب سمجھتے تھے ان کے اس دعوے کو رد کرنے کے لیے کہا گیا کہ زندگی کی چاہت کی وجہ سے موت سے کیوں ڈرتے ہو۔
نماز جمعہ کی اہمیت: سورۃ الجمعہ میں جمعہ کی نماز کی اہمیت کو تفصیل کے ساتھ بیان کیا گیا ہے۔
نماز جمعہ کے احکام: سورۃ الجمعہ میں جمعہ کی نماز کے احکام کے متعلق ذکر کیا گیا ہے۔۔۔
1): جمعہ کی نماز کے لیے جب اذان دی جائے تو جلدی جلدی نماز کے لیے جائیں۔ 2): تمام تجارتی امور کو چھوڑ دینا چاہیے۔
3): توجہ کے ساتھ خطبہ سننا چاہیے۔ 4): فضل الہی کی تلاش کی ترغیب جب جمعہ کی نماز ادا کر لی جائے تو اس کے بعد اللہ تعالیٰ کا فضل تلاش کرنے کی ترغیب دی گئی ہے۔