نہم جماعت کے لیے

سورۃ القصص

پارہ 20 آیات 88 رکوع 9 مکی

تعارف

مقام نزول: سورت القصص مکی سورت ہے۔

آیات کی تعداد: اس سورت میں (88) اٹھاسی آیات ہیں۔

رکوعات: اس سورت میں نو (09) رکوعات ہیں۔

شانِ نزول: سورت القصص مکہ مکرمہ میں نازل ہونے والی آخری سورت ہے، کیوں کہ اس کی آیت (85) پچاسی اس وقت نازل ہوئی جب حضرت محمد ﷺ ہجرت کی غرض سے مدینہ منورہ کے لیے روانہ ہو چکے تھے۔ زمانہ نزول: یہ سورت تب نازل ہوئی جب نبیؐ ہجرت مدینہ کی غرض سے روانہ ہو چکے تھے۔

سورة (قصص) نام کا معنی: القصص کا معنی سچے واقعات ہے

وجہ تسمیہ: اس سورت کی آیت 25 میں اَلْقَصَصِ کا لفظ آیا ہے اسی مناسبت سے اس سورت کا نام سورت القصص ہے۔

مقصد نزول: سورۃ القصص میں نبی ﷺ کو صبر اور اللہ کی نصرت پر بھروسہ کرنے کی تعلیم کے لیے نازل ہوئی۔ اس میں حضرت موسیٰؑ کی زندگی کے واقعات بیان کیے گئے، جیسے فرعون کے ظلم سے بچپن، مدین کی ہجرت اور نبوت سورت سے یہ سبق ملتا ہے کہ اللہ کی مدد مومن کے ساتھ ہمیشہ ہوتی ہے اور ظالم کا انجام برا ہوتا ہے۔

مرکزی خیال

اس سورت کا خلاصہ “حضرت موسیٰؑ کا ذکر کر کے حضرت محمد ﷺ کی رسالت اور آپ کی دعوت کی سچائی کو ثابت کرنا”ہے۔

اہم مضامین

حضرت موسیٰؑ کی زندگی، دعوتِ حق اور اللہ کی نصرت
سورۃ القصص کے پہلے پانچ رکوعوں میں حضرت موسیٰ علیہ السلام کی زندگی کے اہم اور تفصیلی واقعات بیان کیے گئے ہیں۔ ابتدا میں فرعون نے بنی اسرائیل کے بچوں کے قتل کا حکم دیا، جس سے موسیٰ علیہ السلام کو اللہ تعالیٰ نے بچایا اور ان کی والدہ نے انہیں دریائے نیل میں ڈال کر حفاظت کی۔ اللہ کی حکمت سے وہ فرعون کے دربار میں پرورش پائے۔ جوانی میں انہوں نے غلطی سے ایک شخص کو قتل کر دیا، جس پر خوفزدہ ہو کر مدین کی طرف ہجرت کی۔ مدین پہنچ کر انہوں نے ظلم سے ایک عورت اور اس کے اہل خانہ کی مدد کی اور صالح لوگوں کے گھر میں قیام کیا۔ آخر میں اللہ تعالیٰ نے انہیں نبوت عطا فرمائی اور وہ فرعون کے پاس دعوت دینے واپس آئے، لیکن فرعون نے انکار کیا۔ یہ سب واقعات نبی ﷺ اور امت کے لیے صبر، اللہ کی نصرت پر بھروسہ اور ظالموں کے انجام کا درس دیتے ہیں۔
حضرت موسیٰؑ اور نبی کریم ﷺ کی سیرت میں مماثلت
اس سورت کے پہلے پانچ رکوعوں میں بہت تفصیل کے ساتھ حضرت موسیٰؑ کا واقعہ بیان کیا گیا ہے۔ قرآن مجید میں پچھلے انبیاء کرامؑ میں سب سے زیادہ تفصیل کے ساتھ حضرت موسیٰؑ کا ذکر آیا ہے، کیوں کہ حضرت موسیٰؑ کے حالات زندگی اور حضرت محمد ﷺ کی سیرت طیبہ کے ساتھ کئی چیزوں میں مشابہت ہے۔ حضرت موسیٰ علیہ السلام کو نبی کے ساتھ مماثلت اس لیے دی گئی کہ وہ بھی اللہ کے منتخب کردہ رسول ہیں جو قوم کی ہدایت کرتے، حق کے لیے صبر و استقامت دکھاتے، اللہ کے معجزات کے ذریعے حق واضح کرتے، اور اپنی قوم کی اصلاح و رہنمائی کرتے ہیں۔ یہ سب خصوصیات نبیوں کی عام صفات ہیں، جس کی وجہ سے موسیٰ علیہ السلام کی مماثلت نبی کے ساتھ کی گئی۔
قارون کا عبرت ناک واقعہ
سورۃ القصص میں حضرت موسیٰؑ کے حالات کے ساتھ قارون کا واقعہ بھی بیان کیا گیا ہے۔ قارون بنی اسرائیل میں سے اور حضرت موسیٰؑ کی قوم کا فرد تھا۔ اللہ تعالیٰ نے اسے بہت زیادہ مال و دولت عطا فرمائی تھی، یہاں تک کہ اس کے خزانوں کی چابیاں اٹھانا بھی ایک طاقتور جماعت کے لیے مشکل تھا۔ مگر دولت کی کثرت نے اسے غرور، تکبر اور سرکشی میں مبتلا کر دیا۔اس کی قوم کے نیک لوگوں نے اسے نصیحت کی کہ اللہ تعالیٰ نے جو مال عطا کیا ہے اسے آخرت کی کامیابی حاصل کرنے کے لیے استعمال کرو، دنیا میں اپنا جائز حصہ نہ بھولو، دوسروں کے ساتھ بھلائی کرو اور زمین میں فساد نہ پھیلاؤ۔ لیکن قارون نے اس نصیحت کو قبول نہ کیا اور تکبر سے کہا: قَالَ إِنَّمَا أُوتِيتُهُ عَلَىٰ عِلْمٍ عِندِي۔ ’’اس نے کہا: یہ مال تو مجھے اس علم کی وجہ سے دیا گیا ہے جو میرے پاس ہے۔‘‘ ( القصص: 78) ایک دن قارون اپنی پوری شان و شوکت اور زینت کے ساتھ اپنی قوم کے سامنے نکلا۔ دنیا کی زیب و زینت سے متاثر ہونے والے لوگوں نے خواہش کی کہ کاش انہیں بھی قارون جیسی دولت حاصل ہوتی۔ لیکن اہلِ علم نے انہیں سمجھایا کہ اللہ تعالیٰ کا اجر ان لوگوں کے لیے بہتر ہے جو ایمان لاتے اور نیک عمل کرتے ہیں۔آخرکار قارون کی سرکشی کا انجام سامنے آیا۔ اللہ تعالیٰ نے اسے اس کے گھر سمیت زمین میں دھنسا دیا۔ نہ اس کی دولت اسے بچا سکی اور نہ کوئی ایسا گروہ موجود تھا جو اللہ کے عذاب سے اس کی مدد کر سکتا۔ اس واقعے کے بعد وہ لوگ جو پہلے قارون جیسی دولت کی خواہش کرتے تھے، اللہ تعالیٰ کی قدرت کو دیکھ کر سمجھ گئے کہ اصل کامیابی مال و دولت کی کثرت نہیں بلکہ اللہ کی رضا ہے۔سورۃ القصص کے آخر میں اس واقعے کا بنیادی سبق بھی واضح کیا گیا کہ آخرت کا گھر ان لوگوں کے لیے ہے جو زمین میں تکبر اور فساد نہیں چاہتے، اور اچھا انجام متقی لوگوں ہی کے لیے ہے۔ اہم اسباق: قارون کا واقعہ ہمیں دولت پر غرور سے بچنے، اللہ کی نعمتوں کا شکر ادا کرنے، مال کو نیکی میں استعمال کرنے، فساد سے بچنے اور آخرت کو دنیا پر ترجیح دینے کا درس دیتا ہے۔ حوالہ: سورۃ القصص، آیات 76 تا 83۔
اُمتِ مسلمہ کو خصوصی تلقین
سورۃ القصص کے اختتام پر توحید کی بنیادی تعلیم کو نمایاں کیا گیا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے سوا کسی دوسرے کو معبود نہ بنایا جائے اور صرف اسی کی عبادت کی جائے۔ انسان کو چاہیے کہ ہر قسم کے شرک سے بچے، اپنی حاجات اور امیدوں میں اللہ تعالیٰ پر بھروسا رکھے اور اسی کے احکام کی پیروی کرے۔ سورت کا اختتام اس حقیقت کی طرف توجہ دلاتا ہے کہ حقیقی اقتدار اور حاکمیت صرف اللہ تعالیٰ کے لیے ہے، ہر چیز فنا ہونے والی ہے اور باقی رہنے والی ذات صرف اللہ کی ہے۔ اس لیے کامیابی کا راستہ اللہ کی توحید، اطاعت اور بندگی اختیار کرنا ہے
دنیا کی بے ثباتی اور آخرت کی حقیقی کامیابی
سورۃ القصص کا اختتام اس اٹل حقیقت پر ہوتا ہے کہ دنیا کی شان و شوکت عارضی ہے، اصل کامیابی آخرت کی ہے، اور نجات کا واحد راستہ توحید، تقویٰ اور قرآن کی پیروی ہے۔ یہ آیات ہر دور کے انسان کو غرور، فساد اور شرک سے بچنے اور اللہ کی بندگی اختیار کرنے کی دعوت دیتی ہیں۔

علمی و عملی نکات

ظالم کی حکومت
ظالم لوگ لوگوں کو تقسیم کر کے ان پر حکومت کرتے ہیں۔ (سورۃ القصص: 4)
علم و حکمت
حکمت و دانائی اور علم اللہ تعالیٰ کی خاص نعمتیں ہیں جو خاص بندوں کو عطا ہوتی ہیں۔ (سورۃ القصص: 14)
اللہ کی توفیق
ہدایت صرف اللہ تعالیٰ کی توفیق سے حاصل ہوتی ہے۔ اس لیے ہمیں اللہ تعالیٰ سے ہدایت کی دعا کرتے رہنا چاہیے۔ (سورۃ القصص: 56)
دنیا کی حقیقت
دنیا کے نعمتیں اور ساز و سامان اخرت کی بہترین اور ہمیشہ باقی رہنے والی نعمتوں کے مقابلہ میں کوئی حیثیت نہیں رکھتی ہیں۔ (سورۃ القصص: 60)
دن اور رات کی نعمت
اللہ تعالیٰ نے ہمارے لیے دن اپنا فضل یعنی رزق تلاش کرنے اور رات ارام کرنے کے لیے بنائی ہے۔ (سورۃ القصص: 73)
اللہ کا فضل
ہمیں اپنے علم اور صلاحیتوں پر اترانا نہیں چاہیے کیونکہ یہ سب اللہ تعالیٰ کا فضل ہے۔ (سورۃ القصص: 78)
حرام مال کا انجام
اللہ تعالیٰ کو ناراض کر کے کمایا ہوا مال ہلاکت اور بربادی کا سبب بنتا ہے۔ (سورۃ القصص: 81)
آخرت کا گھر
آخرت کا گھر ان پرہیزگاروں کے لیے ہے جو زمین میں نہ بڑہائی چاہتے ہوں اور نہ فساد۔ (سورۃ القصص: 83)
شرک سے بچنا
اللہ تعالیٰ کی ذات کے سوا ہر چیز ہلاک ہونے والی ہے۔ ہمیں شرک سے بچنا چاہیے اور صرف اسی کی عبادت کرنی چاہیے۔ (سورۃ القصص: 88)

کثیرالانتخابی سوالات

حضرت محمد ﷺ کی سیرت طیبہ مشابہ ہے:
قارون کا تعلق تھا:
قارون اپنے مال و دولت کو نتیجہ قرار دیتا تھا:
مکہ مکرمہ میں نازل ہونے والی آخری سورت ہے:
ہدایت حاصل ہوتی ہے:

مختصر سوالات

سورت القصص کو یہ نام کیوں دیا گیا؟˅
اس سورت کی آیت 25 میں القصص کا لفظ آیا ہے اس مناسبت سے اس سورت کا نام سورت القصص ہے۔
سورت القصص کا خلاصہ کیا ہے؟˅
سورت القصص کا خلاصہ "حضرت موسیٰؑ کا ذکر کر کے حضرت محمد ﷺ کی رسالت اور آپ کی دعوت کو ثابت کرنا" ہے۔
سورت القصص کے دو علمی و عملی نکات لکھیں؟˅
٭ظالم لوگ لوگوں کو تقسیم کر کے ان پر حکومت کرتے ہیں۔ ٭ہمیں اپنے علم اور صلاحیتوں پر اترانا نہیں چاہیے کیوں کہ یہ سب اللہ کا فضل ہے۔
قارون کے بارے میں آپ کیا جانتے ہیں؟˅
قارون بنی اسرائیل کا ایک شخص تھا جو دنیا پر زیادہ توجہ کرتا تھا اور فرعون کی خدمت کرتا تھا۔ اس نے حضرت موسیٰ کی دعوت کا انکار کیا، وہ اپنی مال و دولت کو اپنی ذاتی محنت اور علم کا نتیجہ کہتا تھا، اس کے بدلے میں اس کو اس کی دولت کے ساتھ ہلاک کر دیا گیا۔