مدنی سورت: سورۃ الحج کا آدھا حصہ مکہ مکرمہ میں اور آدھا حصہ مدینہ منورہ میں نازل ہوا۔ سورۃ الحج مدنی سورت ہے۔
رکوعات: اس سورت میں (10) دس رکوع ہیں۔
آیات کی تعداد: سورۃ الحج میں (78) اٹھتر آیات ہیں۔
سورۃ (حج) نام کا معنی: حج کا معنی زیارت کرنا ہے۔
وجہ تسمیہ: سورۃ الحج میں بتایا گیا ہے کہ حج حضرت ابراہیم علیہ السلام کے زمانے میں کس طرح شروع ہوا اور اس کے بنیادی ارکان کیا ہیں۔ اسی مناسبت سے اس کا نام سورۃ الحج ہے۔
زمانہ نزول: سورۃ الحج کا ایک حصہ مکی دور کے آخر میں نازل ہوا اور دوسرا حصہ مدنی دور کے آغاز میں نازل ہوا۔
شانِ نزول: سورۃ الحج کا شانِ نزول یہ ہے کہ یہ مسلمانوں کی آزمائش کے دور میں نازل ہوئی تاکہ انہیں صبر، استقامت، عبادت (خصوصاً حج) کی اہمیت اور ظلم کے خلاف دفاع کی اجازت دی جائے۔
مرکزی خیال
سورۃ الحج کا خلاصہ “قیامت کے احوال، حج و قربانی کا بیان اور جہاد کی اجازت” ہے۔
اہم مضامین
قیامت کی ہولناکیاں اور اچانک برپائی
سورۃ الحج کی ابتداء میں قیامت کے احوال کا بیان ہے جو کہ پلک جھپکنے کی سی دیر میں برپا ہو جائے گی۔سورۃ الحج کے آغاز میں قیامت کی ہولناکی، اس کے زلزلے اور لوگوں کی انتہائی گھبراہٹ کا بیان ہے، جبکہ قیامت کے پلک جھپکنے کی مانند اچانک واقع ہونے کا بیان سورۃ النحل میں ہے۔
اُخروی انجام
قیامت کے دن منافقوں اور کافروں کے برے اور مومنوں کے اچھے انجام کا بیان ہے۔
حج و قربانی کے احکام و حقیقت
سورۃ الحج میں حج و قربانی کے احکام بتائے گئے ہیں اور ان کی حقیقت سے آگاہ کیا گیا ہے۔سورۃ الحج میں حج کے مناسک، بیت اللہ کی تعظیم، شعائرِ الٰہی کی حرمت اور قربانی کے احکام بیان کیے گئے ہیں۔ قربانی کے جانوروں کی تعظیم، ان کا گوشت خود کھانے اور محتاجوں کو کھلانے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ قربانی کی اصل حقیقت یہ واضح کی گئی ہے کہ اللہ تعالیٰ کو جانوروں کا گوشت اور خون نہیں بلکہ بندوں کا تقویٰ اور اطاعت مطلوب ہے۔
شرک کی ممانعت
مشرکوں کے خلاف جہاد کی اجازت اور شرک سے منع کیا گیا ہے۔
جہاد کی اجازت
جہاد کی اجازت کو مسلمانوں کے لیے خوشخبری قرار دیا گیا ہے کیونکہ اب انھیں کافروں کے ظلم و ستم کے خلاف طاقت کا استعمال کرنے کو کہا گیا ہے۔
ایمان لانے کی دعوت
سورۃ الحج میں تمام انسانوں کو اللہ تعالیٰ پر ایمان لانے، اس کی عبادت کرنے اور تقویٰ اختیار کرنے کی دعوت دی گئی ہے۔
انتخابِ رُسل
سورۃ الحج میں بتایا گیا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے فرشتوں اور انسانوں میں سے جس کو چاہا پیغام پہنچانے کے لیے منتخب کیا۔
عملِ صالح کا حکم
سورۃ الحج میں مسلمانوں کو عملِ صالح کا حکم دیا گیا ہے۔
امتِ مسلمہ کی ذمہ داریاں
سورۃ الحج کے آخر میں مسلمانوں کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ نماز قائم کریں، زکوٰۃ ادا کریں، اور اللہ کی رسی کومضبوطی سے تھامے رکھیں۔ ساتھ ہی یہ بھی فرمایا گیا کہ رسول اکرم ﷺ مسلمانوں پر گواہ ہوں گے اور مسلمان تمام انسانوں پر گواہ بنیں گے۔
بہترین کارساز
سورت کا اختتام اس یقین دہانی پر ہوتا ہے کہ اللہ بہترین کارساز اور بہترین مددگار ہے۔
علمی و عملی نکات
قیامت کی ہولناکی
قیامت کے دن ایک نہایت سخت اور ہولناک دن ہو گا جو لوگوں کے ہوش اڑا دے گا۔ (سورۃ الحج: 1-2)
شیطان کی پیروی کا انجام
شیطان کے پیروی کرنے والے دنیا میں گمراہی اور آخرت میں عذاب میں ہوں گے۔ (سورۃ الحج: 3-4)
شرک کی تردید
شرک کے لیے کوئی دلیل نہیں ہے۔ (سورۃ الحج: 9-172)
منافقین کا رویہ
منافقین اللہ تعالیٰ کی عبادت کنارے کنارے رہ کر کرتے ہیں اور دنیا کے فائدے پر خوش ہوتے ہیں، اور نقصان پر دین سے دور ہو جاتے ہیں۔ (سورۃ الحج: 11)
کائنات کا سجدہ
ساری کائنات اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ ریز ہے۔ (سورۃ الحج: 18)
اللہ کی مدد
اللہ تعالیٰ ان کی مدد فرماتا ہے جو اللہ تعالیٰ کے دین کی مدد کرتے ہیں۔ (سورۃ الحج: 46)
کیا تم نے نہیں دیکھا کہ اللہ نے تمہارے لیے مسخر کر دیا جو کچھ زمین میں ہے اور کشتیاں سمندر میں اسی کے حکم سے چلتی ہیں اور وہی آسمان کو روکے ہوئے ہے کہ اس کے حکم کے بغیر وہ زمین پر گر نہیں پڑتے یقیناً اللہ لوگوں پر بہت شفقت کرنے والا اور بہت مہربان ہے۔
ہر امت کے لیے ہم نے عبادت کا ایک طریقہ مقرر کیا ہے جس پر وہ چلتے ہیں تو ان کو چاہیے کہ ہر گز وہ آپ سے اس معاملہ میں جھگڑا نہ کریں اور آپ اپنے ربّ کی طرف بلاتے رہیں بے شک آپ سیدھے راستے پر ہیں۔